11 فروری 2016 - 05:44
ڈاکٹرلاریجانی نے بائیس بھمن کے جلوسوں میں ایرانی قوم کی شرکت پر تاکید کی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بائیس بہمن مطابق گيارہ فروری کے جلوسوں میں عوام کی بھر پور شرکت پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بائیس بہمن مطابق گيارہ فروری کے دن نکالے جانے والے جلوسوں کے بارے میں بدھ کے دن کہا کہ ایرانی قوم نے دوراندیشی اور بصیرت کے ساتھ مختلف مواقع پر ایران کے سماج کو آگے بڑھانے میں موثر شرکت کی ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اب کی بار انقلاب اسلامی کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں میں عوام کی شرکت ان کامیابیوں کے لئے ہوگي جو ایرانی قوم نے سفارتی میدان اور علاقائي مسائل کے سلسلے میں حاصل کی ہیں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے خطے میں بلند مقام حاصل کرلیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ بائیس بہمن ہمیشہ ایک معیار ہے اور مختلف ممالک کے نامہ نگار بائیس بہمن کے جلوسوں میں ایرانی قوم کی شرکت اور اس کی جانب سے اسلامی جمہوری نظام کی حمایت کئے جانے کی تصویر کشی کرتے ہیں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے دنیا والوں کے لئے بائیس بہمن کے جلوسوں میں ایرانی قوم کی شرکت کے پیغام کے بارے میں کہا کہ ان جلوسوں میں ایرانی قوم کی شرکت سے یہ بات واضح ہو جائے گي کہ ایرانی عوام شعوری طور پر حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ حالات کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور حالات کے مطابق اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ آج بہمن کی بائیس تاریخ ہے اور انقلاب اسلامی ایران کی سینتیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ایرانی عوام آج جمعرات کے دن بائیس بہمن کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کرکے ایک بار پھر انقلاب اسلامی کے مقاصد اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔

.......

/169